جوہری ہتھیاروں پر اخراجات میں پاکستان آٹھویں نمبر پر: رپورٹ

ویب ڈیسک

جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے لیے متحرک غیر سرکاری تنظیم انٹرنیشنل کمپین ٹو ایبولش نیوکلیئر ویپنز (آئی سی اے این) نے سال 2021ع میں عالمی سطح پر 9 جوہری طاقتوں کے اخراجات کے تخمینے پر مبنی رپورٹ جاری کی ہے، جس میں پاکستان 1.1 ارب ڈالرز کے خرچے کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہے

رپورٹ کے مطابق امریکہ 44.2 ارب ڈالرز کے ساتھ پہلے، چین 11.7 ارب ڈالرز کے ساتھ دوسرے، روس 8.6 ارب ڈالرز کے ساتھ تیسرے، برطانیہ 6.8 ارب ڈالرز کے ساتھ چوتھے اور فرانس 5.9 ارب ڈالرز کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے

اسی طرح بھارت، اسرائیل، پاکستان اور شمالی کوریا 2.3 ارب ڈالرز، 1.2 ارب ڈالرز، 1.1 ارب ڈالرز اور 0.642 ارب ڈالرز کے ساتھ باالترتیب چھٹے، ساتویں، آٹھویں اور نویں نمبر پر ہیں

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان کے پاس 165 ایٹمی ہتھیار ہیں، جن میں زمین سے زمین اور فضا سے مار کرنے کی صلاحیت موجود ہے

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ماہرین کے مطابق پاکستان اپنے کُل دفاعی بجٹ کا 10 فیصد ایٹمی صلاحیت پر خرچ کرتا آیا ہے، جس کی تصدیق 2016ع کی ایک پارلیمانی رپورٹ میں ہوئی کیوں کہ اس سال ایٹمی صلاحیت پر اخراجات کا یہ تناسب 9.8 فیصد تھا

آئی سی اے این کے مطابق سال 2021 میں کُل دفاعی بجٹ کا 10 فیصد 1.1 ارب ڈالرز بنتا ہے، اس لیے تنظیم نے یہ تخمینہ اخذ کیا ہے

تخمینے کے اسی تناسب سے دیکھا جائے تو 2020ع میں پاکستان کے ایٹمی ہتھیاروں پر اخراجات کا تخمینہ ایک ارب ڈالرز لگایا گیا تھا

رپورٹ میں بھارت کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہاں کُل دفاعی بجٹ کا 46 فیصد ایٹمی ہتھیاروں پر خرچ ہوتا ہے

پاکستان کی قومی سلامتی پر ایک تحقیقی مقالے کے مصنف اور جنوبی ایشیا کے تزویراتی حالات پر تبصرہ کرنے والے قمر چیمہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے خطے میں تزویراتی استحکام حاصل کر لیا ہے، اس لیے اب مزید ایٹمی ہتھیاروں کی ضرورت نہیں

اسلام آباد کی نمل یونیورسٹی میں لیکچرار کے طور پر کام کرنے والے قمر عباس چیمہ کا کہنا ہے ’آج سے نہیں بلکہ گذشتہ چھ سات سال سے پاکستان کا یہ موقف ہے کہ ہم نے جنوبی ایشیا میں تزویراتی استحکام حاصل کر لیا ہے‘

ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان نے دنیا کو صرف یہ بتایا ہے کہ اب اس کی نظر چھوٹے تزویراتی ایٹمی ہتھیاروں پر ہے، جو وہ حاصل کر چکا ہے‘

انہوں نے آئی سی اے این کی رپورٹ کے حوالے سے خاص کر کہا کہ ’اس طرح کے جو بھی گروپس یا تنظیمیں ہوتی ہیں ان کے پاس فرسٹ ہینڈ انفارمیشن نہیں ہوتیں‘

قمر چیمہ نے اپنی بات کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ’ایسی تنظیمیں دفاعی بجٹ کی کُل لاگت، ایٹمی ہتھیاروں کی ذمہ دار کمیٹیوں اور باڈیز کی میٹنگز وغیرہ کو مانیٹر کر کے معلومات اخذ کرتی ہیں۔ لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ان کا تخمینہ سائنسی بنیادوں سے بھی عاری ہوتا ہے‘

جنوبی ایشیا میں پاکستان اور بھارت کے مابین ایٹمی اور غیر ایٹمی ہتھیاروں کی دوڑ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں قمر چیمہ نے وضاحت کی کہ ’پاکستان کے اس دعوے کی تصدیق کہ خطے میں تزویراتی استحکام حاصل کیا جا چکا ہے کئی باتوں سے ہوتی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) کی سطح پر اور محکمہ خارجہ کی سطح پر ہاٹ لائنز موجود ہیں۔ اب فوجی معاملات اس طرح سے آگے نہیں بڑھتے جس کی مثال ماضی میں ملتی تھی۔‘

انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ’حال ہی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان 2003 کے فائر بندی کے معاہدے کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ اس کے بعد ہم نے دیکھا کہ ایک سال سے زیادہ عرصے سے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا۔‘

قمر چیمہ نے ایک اور مثال دی کہ ’حال ہی میں پاکستان میں حکومت کی تبدیلی رونما ہوئی ہے۔ لیکن بھارت نے اس کا بھی فائدہ اٹھانے کی کوشش نہیں کی اور لائن آف کنٹرول پر قائم امن کی فضا برقرار رہی۔‘

قمر چیمہ کے مطابق ’فوجی کانفڈینس بلڈنگ میژرز (سی بی ایمز) کی اس سے بہتر مثال دونوں ملکوں کی تاریخ میں نہیں ملتی۔‘

منگل کو پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے مختلف نجی ٹی وی چینلز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’دفاعی بجٹ میں 2020 کے بعد سے کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔‘

ایٹمی ہتھیاروں کی دوڑ میں امریکہ سب سے آگے

آئی سی اے این کی رپورٹ کے مطابق 2021 میں نو عالمی ایٹمی طاقتوں کا جوہری ہتھیاروں پر اخراجات کا تخمینہ 84.2 ارب ڈالرز تھا۔

اس میں سے 44.2 ارب ڈالرز کے اخراجات یعنی 53 فیصد سے زائد تنہا امریکہ نے کیے تھے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکہ کے پاس 5 ہزار 428 ایٹمی ہتھیار ہیں جنہیں زمین سے زمین، فضا سے زمین اور آبدوزوں سے مار کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔

یہ بھی واضح رہے کہ رپورٹ میں آئی سی اے این نے سال 2021 تک اٹیمی ہتھیاروں پر اخراجات کا تخمینہ لگایا ہے جس دوران روس نے یوکرین پر حملہ نہیں کیا تھا۔ حملے کے بعد یقینی طور پر روس کے ایٹمی اخراجات بڑھے ہوں گے۔

تاہم 2021 کے اعداد و شمار کے مطابق روس کے پاس 5 ہزار 977 ایتمی ہتھیار ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close