کراچی سمیت سندھ بھر میں دسویں جماعت کا پرچہ پہلے ہی آؤٹ

نیوز ڈیسک

کراچی : کراچی سمیت سندھ بھر میں دسویں جماعت سائنس گروپ کا فزکس کا پرچہ امتحانی مرکز سے پہلے سوشل میڈیا پر آوٹ ہو گیا، جب کہ اس موقع پر شدید بدنظمی کا مشاہدہ بھی کیا گیا

صوبائی دارالحکومت کراچی سمیت سندھ بھر میں دسویں جماعت کے امتحانات آج سے شروع ہوگئے، تاہم امتحانات کے پہلے ہی روز میٹرک بورڈز کے دعوے اور کارکردگی کھل کر سامنے آگئی

کراچی میں شروع ہونے والے دسویں جماعت کے امتحانات میں سائنس گروپ کا فزکس کا پرچہ آوٹ ہوگیا، اور سوشل میڈیا پر جگہ جگہ یہ پرچہ نظر آتا رہا ، اطلاعات ہیں کہ فزکس کا پرچہ 9 بج کر 34 منٹ پر سوشل میڈیا پر آؤٹ ہوا تھا

دوسری جانب میٹرک بورڈ کی ناقص کارکردگی اس وقت سامنے آئی جب کراچی کے بہت سے سینٹرز سے شکایات آئیں کہ انہیں دیر تک پرچہ بھی نہیں ملا۔ جن علاقوں سے شکایات موصول ہوئیں ان میں گڈاپ، سرجانی، نیو کراچی، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد اور اورنگی شامل ہیں، ان علاقوں کے کئی مراکز میں ساڑھے دس بچے تک امتحانی پرچے نہیں پہنچ سکے

کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن کے کسی بھی امتحانی مرکز پر میٹرک کا صبح ساڑھے 9 بجے شروع ہونے والا پیپر دن 12 بجے تک شروع ہی نہ ہو سکا

ذرائع کے مطابق امتحانی مراکز کے اندر طلبہ پیپر کے انتظار میں پریشان ہوتے رہے، جبکہ اکثر امتحانی مراکز کے اندر اور باہر طلبہ اور والدین کی جانب سے ہنگامہ آرائی کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں

دوسری جانب بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جن سینٹرز میں امتحانی پرچہ تاخیر سے پہنچا، وہاں طلبہ کو اضافی وقت دیا گیا

کراچی میں میٹرک کے امتحانات کے دوران پرچہ نہ پہنچنے کا ایک منفرد اور انوکھا واقعہ ابوالحسن اصفہانی روڈ پر قائم پرائیویٹ اسکول میں پیش آیا، جہاں اسکول انتظامیہ کا کہنا تھا کہ بورڈ والوں کو اسکول کے امتحانی مرکز بننے کا علم ہی نہیں تھا

ابوالحسن اصفہانی روڈ پر بھی پرائیویٹ اسکول میں پرچہ وقت پر نہ پہنچ سکا، جبکہ پرچہ دینے والے طالب علم اور پرچہ لینے والے اساتذہ وہاں وقت سے پہلے سے موجود تھے

اسکول انتظامیہ کا اس معاملے پر کہنا تھا کہ والدین اور بچے صبح سے اسکول کے باہر پرچے کےلئے موجود تھے جبکہ بورڈ انتظامیہ کو علم ہی نہیں تھا کہ اسکول میں امتحانی مرکز قائم کیا گیا ہے

اسکول انتظامیہ نے بتایا کہ طلبہ کے ایڈمٹ کارڈ میں اسکول کو سینٹر لکھا گیا ہے اور یہ ایڈمٹ کارڈز میٹرک بورڈ نے ہی جاری کیے ہیں

ادہر سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے صوبے میں میٹرک کے امتحانات میں کسی بھی قسم کی بدنظمی سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے

مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ مجھے امتحانی مراکز میں پرچہ تاخیر سے پہنچنے اور آؤٹ ہونے کا علم نہیں، اس معاملے سے متعلق وزیر تعلیم یا مشیر بورڈز نثار کھوڑو سے رابطہ کریں

دوسری جانب وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا صوبے میں میٹرک کے امتحانات میں بدنظمی پر کہنا ہے کہ تعلیمی بورڈز ان کے ماتحت نہیں ہیں، لیکن پھر بھی وہ معاملے کو دیکھیں گے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close