اس بطخ کے آٹھ سو گرام پروں کی قیمت 13 لاکھ روپے ہے!

ویب ڈیسک

آئس لینڈ : آئس لینڈ کی ایک بطخ کے روئی نما پر فطرت میں سب سے گرم اور نرم مادے کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ یہ پر ایلڈرپولر بطخ کے ہیں جن کی آٹھ سو گرام مقدار کی قیمت پانچ ہزار ڈالر سے بھی زیادہ ہے

یہی وجہ ہے کہ ہر سال موسمِ گرما میں چار سو کے قریب افراد آئس لینڈ سے متصل ایک جزیرے ’برائدروو‘ کی خاک چھانتے ہوئے وہاں ایلڈر پولر بطخ کے گھونسلوں اور اطراف میں ان پروں کو تلاش کرتے ہیں

پروں کو جمع کر کے انہیں فروخت کیا جاتا ہے، پھر ان ریشوں کو کئی مراحل سے صاف کرکے، انہیں لحاف اور تکیے بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس طرح صرف تین تکیوں کی قیمت ڈھائی ہزار ڈالر اور ایک لحاف کی قیمت آٹھ ہزار ڈالر سے زائد بھی ہوسکتی ہے

قدرت نے بطخ کے سینے سے نیچے یہ پر عطا کئے ہیں، جو روئی کے گالوں کی طرح نرم ہوتے ہیں لیکن قدرتی طور پر کوئی بھی ریشہ سردی روکنے میں اس کا مقابلہ نہیں کر سکتا ہے۔ اسی بنا پر بطخ اپنے گھونسلے میں اسے بچھاتی ہے تاکہ اس کے بچے سردی میں جمنے سے محفوظ رہ سکیں۔ پروں کے اس گچھے کو آئیڈرڈاؤن کا نام دیا گیا ہے

کہا جاتا ہے کہ گزشتہ ایک ہزار برس سے اس کی تلاش اور فروخت جاری ہے اور ایک کلوگرام خام پر ہی ہزاروں ڈالر میں فروخت ہو جاتے ہیں۔ اس وقت پوری دنیا میں چار ٹن کے قریب پر فروخت کئے جاتے ہیں اور 75 فیصد برآمدات آئس لینڈ سے کی جاتی ہے

انڈے دینے اور سینے کے موسم میں ان پرندوں کے گھونسلوں کو بالکل نہیں چھیڑا جاتا ہے بلکہ گھونسلے خالی ہوتے ہی ان کی اطراف جمع ہونے والے پروں کے ریشے احتیاط سے جمع کئے جاتے ہیں۔ بعدازاں انہیں ہر طرح سے معیاری بنایا جاتا ہے اور اگر آپ دو انگلیوں کے درمیان چالیس سے پچاس گرام پر اٹھاتے ہیں اور ان کا کوئی ریشہ نیچے نہیں گرتا تو اس کا مطلب یہ  ہے کہ یہ بہت معیاری پر ہیں

آئیڈرڈاؤن مادہ بطخ سے خارج ہوتا ہے اور پچاس سے ساٹھ گھونسلوں سے ہی ایک کلو گرام پر حاصل ہو جاتے ہیں۔ انہیں خاص طور پر صاف کیا جاتا ہے اور مشین میں دبا کر ان کو ایک باقاعدہ شکل دی جاتی ہے۔ کسان ہر گھونسلے کو تلاش کرتے ہیں اور احتیاط سے پروں کو جمع کرتے ہیں۔ ایک گھونسلے سے پندرہ  سے بیس گرام وزن تک کے پر ہی مل پاتے ہیں

تاہم خام پروں میں 80 فیصد مقدار، کوڑا کرکٹ، بڑے پروں، گھاس پھوس اور ڈنٹھل کی ہوتی ہے جنہیں صاف کرنا ضروری ہوتا ہے۔ اس کے بعد آئیڈرڈاؤن کو 120 درجہ سینٹی گریڈ پر گرم کیا جاتا ہے۔ اس کے بعد کئی مشینوں سے مزید صفائی کی جاتی ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close