’اپیل نہیں تو رن آؤٹ بھی نہیں؟‘ ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی20 میچ میں دلچسپ واقعہ

ویب ڈیسک

آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری تین ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی، جب ویسٹ انڈین بیٹر الزاری جوزف کریز سے کچھ دوری کے فاصلے پر رن آؤٹ ہو گئے، تاہم انہیں امپائر کی جانب سے آؤٹ نہ دیا گیا۔

ہوا کچھ یوں کہ آسٹریلیا کی جانب سے 242 رنز کے ہدف کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ کے دوران اننگز کے اڑھارہویں اوور کی دوسری گیند پر الزاری جوزف شاٹ کھیل کر سنگل لینے کے لیے دوڑے

اس دوران فیلڈر نے گیند پکڑ کر نان اسٹرائیکر اینڈ پر موجود بولر اسپینسر جانسن کی جانب پھینکی، جنہوں نے روایتی طریقے سے الزاری جوزف کو رن آؤٹ کیا، تاہم بولر سمیت کسی بھی آسٹریلوی فیلڈر نے رن آؤٹ کی اپیل نہیں کی

اس کے بعد امپائر جیرارڈ ابوڈ مختلف سمتوں میں گردن موڑ موڑ کر آسٹریلوی فیلڈرز کی جانب دیکھتے رہے کہ آیا کوئی فیلڈر رن آؤٹ کی اپیل کر رہا ہے یا نہیں، لیکن انہیں کوئی فیلڈر اپیل کرتے ہوئے نظر نہیں آیا

اس دوران جب رن آؤٹ کا ریپلے دیکھا گیا تو الزاری جوزف کریز سے باہر تھے اور اگر آسٹریلوی کھلاڑی اپیل کرتے تو وہ آسانی سے رن آؤٹ ہو جاتے، تاہم امپائر نے انہیں آؤٹ نہیں دیا۔

کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری کی گئی وڈیو میں امپائر جیرارڈ ابوڈ کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ کسی نے رن آؤٹ کی اپیل نہیں کی۔
اس دوران آسٹریلوی کھلاڑی ٹِم ڈیوڈ کہتے ہیں کہ ’میں سچ کہہ رہا ہوں کہ میں نے اپیل کی تھی۔‘

تاہم آسٹریلوی کھلاڑیوں سے بات کرنے کے بعد امپائر جیرارڈ ابوڈ نے انہیں دوبارہ سے کھیل شروع کرنے کا حکم دیا

آسٹریلیا نے اس میچ میں ویسٹ انڈیز کو 34 رنز سے ہرا کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی

ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے اس ٹی20 میچ میں آسٹریلیا نے گلین میکسویل کی 120 رنز کی دھواں دھار اننگز کے بدولت 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے

گلین میکسویل 55 گیندوں پر 8 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 120 رنز بنا کر پلیئر آف دی میچ قرار پائے

ہدف کے جواب میں ویسٹ انڈین ٹیم مقررہ 20 اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنا سکی

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان روومان پاول نے 63، آندرے رسل نے 37 اور جیسن ہولڈر نے 28 رنز بنائے جبکہ کینگروز کی طرف سے مارکس اسٹوئنس نے تین جبکہ اسپینسر جانسن اور جوش ہیزل وُڈ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close