پیپلز پارٹی اے پی سی بلائے گی، نون لیگ ناقابلِ اعتماد قرار

ویب ڈیسک

پاکستان پیپلزپارٹی نے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع نے پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے منعقدہ اجلاس کی اندرونی کہانی کے حوالے سے جو خبر دی ہے، اس کے مطابق اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے ہیں۔ اہم فیصلوں میں اے پی سی کا انعقاد بھی شامل ہے.

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے سی ای سی اجلاس میں مسلم لیگ ن کے رویے پر بھی بحث کی گئی، ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ پیپلز پارٹی کے اہم رہنماؤں نے مسلم لیگ نون کو ناقابل اعتبار قرار دیا ہے.

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی آل پارٹیز کانفرنس کو ناکام بنانے کا ذمہ دار نون لیگ کو سمجھتی ہے.

اس سلسلے میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ پیپلز پارٹی کے کو چیئرمین آصف علی زرداری نے بھی ن لیگ پر پیپلز پارٹی کے قائدین کی تنقید کی تائید کی ہے۔

ذرائع نے آصف علی زرداری کے حوالے سے کہا ہے کہ وہ بھی مسلم لیگ نون کو اس قابل نہیں سمجھتے کہ اس پر اعتبار اور اعتماد کیا جا سکے.

آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ اعتماد کے قابل نہیں ہے. آصف علی زرداری نے مزید کہا ہے کہ ہم نے جب بھی ن لیگ کو اپنے ساتھ ملا کر طاقتور بنایا، انہوں نے ہمیشہ ڈیل کر کے پیپلز پارٹی کے ساتھ دھوکہ کیا.

ذرائع نے بتایا ہے کہ پیپلز پارٹی کے سی ای سی اجلاس میں سامنے آنے والی رائے کے مطابق وہ سمجھتی ہے کہ آج پھر ن لیگ ڈیل کر کے تحریک انصاف کی بی ٹیم بن گئی ہے.

پیپلز پارٹی کے قائدین کی تنقید کے بعد سی ای سی نے پیپلز پارٹی کی میزبانی میں اے پی سی کے انعقاد کی منظوری دے دی ہے، لیکن تمام تر تحفظات کے باوجود فیصلہ کیا گیا ہے کہ اے پی سی میں نون لیگ کو بھی حزب اختلاف جماعت کی حیثیت میں دعوت دی جائے گی.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close