امریکا کے بیجنگ اولمپکس کے سفارتی بائیکاٹ کی وجہ اویغور مسلم، ٹینس اسٹار پینگ شوائی یا کچھ اور؟

ویب ڈیسک

واشنگٹن – انسانی حقوق کے معاملات کے حوالے سے چین کی حکومت پر دباؤ بڑھاتے ہوئے وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ 2022 کے سرمائی اولمپکس کے لیے کوئی سرکاری وفد نہیں بھیجے گی، جبکہ چین نے اسے ایک سیاسی حربہ قرار دیا ہے

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری جین ساکی کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ چین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور مظالم جاری ہیں اس صورتحال میں امریکی سفارتکار اورحکام بیجنگ میں ہونے والے ونٹر اولمپکس 2022 کا حصہ نہیں بن سکتے

تاہم وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری جین ساکی کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ ٹیم امریکا کے کھلاڑی اب بھی کھیلوں میں موجود ہوں گے، لیکن کوئی باضابطہ سرکاری وفد نہیں بھیجا جائے گا

بیجنگ اولمپکس کے سفارتی بائیکاٹ کا امریکی فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب کئی ماہ سے یہ توقع کی جارہی تھی کہ بائیڈن انتظامیہ سرمائی اولمپکس کو چین پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بات کرنے کے لیے دباؤ کے حربے کے طور پر استعمال کرے گی

چین میں کھیلوں کے بائیکاٹ کے مطالبات حالیہ ہفتوں میں چینی ٹینس اسٹار پینگ شوائی کے حوالے سے تنازعے کے ساتھ مزید بڑھ گئے ہیں۔ واضح رہے کہ شوائی نے ایک چینی سیاستدان اور چین کے سابق نائب وزیر اعظم پر جنسی زیادتی کے الزامات لگائے تھے، جس کے بعد چینی حکومت نے ان کی سوشل میڈیا پوسٹس کو سنسر کر دیا اور سرکاری مالی اعانت سے چلنے والے ایک میڈیا آؤٹ لیٹ نے مبینہ طور پر شوائی کا لکھا ہوا ایک نوٹ بھی شائع کیا تھا جس میں وہ کہہ رہی ہیں کہ ان کے الزامات جھوٹے ہیں

پینگ شوائی کیس اور دیگر معاملات امریکا اور چین کے درمیان دراڑ میں اضافہ کر رہے ہیں. سیاسی اختلافات سے قطع نظر دنیا بھر کے کھلاڑیوں کو متحد کرنے کے عزم کے مقصد کا دعویٰ کرنے کے باوجود اولمپک کھیلوں کے دیرینہ منتظمین انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی (آئی او سی) کو ماضی میں آمرانہ جھکاؤ رکھنے والی حکومتوں کو شرکت کی دعوت دینے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے

حالیہ برسوں میں امریکا نے کھیلوں میں شرکت نہ کرنے کا ایسا فیصلہ کبھی نہیں کیا۔ اس سے قبل اوباما انتظامیہ نے 2014ع میں روس میں ہونے کھیلوں کے دوران اعلیٰ حکام کو نہیں بھیجا تھا، لیکن ان کے متبادل وفد بھیجا گیا تھا

پینگ شوائی کے حوالے سے صورت حال نے آئی او سی کی طویل عرصے سے سراہی جانے والی غیر جانبداری پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ بہت سے لوگوں نے کمیٹی پر الزام لگایا ہے کہ وہ چین کی اس بات پر یقین کر رہی ہے کہ پینگ شوائی محفوظ ہیں اور حکومت کی طرف سے پریشان نہیں کی جارہی ہیں۔ جبکہ آئی او سی کا اصرار ہے کہ پینگ نے آئی او سی حکام کے ساتھ متعدد کالز پر اس کی نشاندہی کی ہے

این بی سی نیوز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں خواتین کے عالمی مسائل کے بارے میں ایک سابق امریکی سفیر کیلی کری نے پینگ شوائی کے متعلق صورت حال پر کہا کہ ’یہ روایتی آئی او سی تھی جس نے تمام شواہد کے باوجود چینی کمیونسٹ پارٹی کی بات کو بلا تحقیق درست مان لیا۔‘

دوسری جانب بائیڈن انتظامیہ چینی حکومت کی جانب سے اویغور مسلم اقلیت کے ساتھ برتاؤ پر بڑی نقاد کے طور پر سامنے آئی ہے۔ خاص طور پر سنکیانگ کے علاقے میں جہاں بین الاقوامی حقوق کے گروپوں نے الزام لگایا ہے کہ شہری مسلسل نگرانی میں رہتے ہیں

اس سال کے اوائل میں وائٹ ہاؤس نےاس خطے میں تیار ہونے والی بعض اشیا پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے متعلق دفتر خارجہ نے الزام لگایا ہے کہ یہ سامان جبری مشقت کے ذریعے تیار کیا جاتا ہے

جولائی میں امریکی دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ سنکیانگ میں حکومت اسمگلر ہے۔ حکام جسمانی تشدد، زبردستی منشیات کے استعمال، جسمانی اور جنسی استحصال اور تشدد کی دھمکیوں کا استعمال کرتے ہوئے قیدیوں کو ملحقہ یا آف سائٹ فیکٹریوں یا ورک سائٹس میں کام کرنے پر مجبور کرتے ہیں، جہاں کپڑے، جوتے، قالین، دھاگے، غذائی مصنوعات، عمارتی مواد، شمسی توانائی کے آلات کے لیے مواد اور دیگر قابل تجدید توانائی کے اجزا، گھر میں استعمال ہونے والے الیکٹرانکس، بستر، بالوں کی مصنوعات، صفائی کی مصنوعات، ذاتی حفاظتی آلات، چہرے کے ماسک، کیمیکلز، دوا سازی اور دیگر سامان تیار کیا جاتا ہے۔ یہ سامان دنیا بھر میں گھروں اور دفاتر میں پایا جانے لگا ہے

جو بائیڈن نے یہ مسئلہ چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ اٹھایا ہے جیسا کہ حال ہی میں پچھلے ماہ ہوا تھا۔ کانگریس ایسی قانون سازی پر بھی غور کر رہی ہے جو سنکیانگ خطے سے درآمدات کو مزید محدود کرے گی

ساکی نے پیر کو اس معاملے پر اپنے مختصر بیان میں خاص طور پر سنکیانگ کی صورت حال کا حوالہ دیتے ہوئے وضاحت کی کہ خطے میں مبینہ طور پر ہونے والے ’مظالم‘ اور ’نسل کشی‘ نے بائیڈن انتظامیہ کے فیصلے کو ہوا دی

ادہر بائیڈن انتظامیہ کے پیر کے بیان میں تائیوان کے معاملے پر کچھ نہیں کہا گیا، جس پر چین ملکیت کا دعویٰ کرتا ہے

اگرچہ حالیہ بیان میں اس کا ذکر نہیں کیا گیا، لیکن بائیڈن کی صدارت کے پہلے سال کے دوران یہ ایک اہم مسئلہ رہا ہے، کیونکہ چین پر گہری نظر رکھنے والوں، خاص طور پر دائیں بازو والوں، نے جزیرے پر چینی حملے کے امکانات کے بارے میں تیزی سے خبردار کیا ہے

بائیڈن انتظامیہ نے رواں سال کے اوائل میں تائیوان کو اسلحہ فروخت کرنے کی منظوری دے دی تھی، جس سے چین مشتعل ہوا تھا اور صدر نے امریکی حکام کو چین کی مخالفت کے باوجود تائیوان کے حکام کے ساتھ اپنے سرکاری سفارتی تعلقات بڑھانے کی اجازت دے دی ہے

رواں سال اگست میں جو بائیڈن نے غلطی سے کہا تھا کہ نیٹو چارٹر کے آرٹیکل پانچ کے تحت امریکا کا تائیوان کے ساتھ دفاعی معاہدہ ہے لیکن امریکی دفتر خارجہ نے فوری طور پر اسے واپس لے لیا تھا

اگرچہ تائیوان کے معاملے پر پیر کے اعلان میں کوئی بات نہیں ہوئی، مگر واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان اس مسئلے پر لفظی جنگ کئی ماہ سے جاری ہے، جس سے تاثر ملتا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان معاملات کشیدہ ہیں

وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے اگست میں بیجنگ پر زور دیا تھا کہ وہ تائیوان پر ’فوجی، سفارتی اور معاشی دباؤ ختم کرے اور معنی خیز بات چیت میں شامل ہو۔‘

دوسری جانب واشنگٹن میں چینی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں امریکا کے سفارتی بائیکاٹ کو سیاسی حربہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ چین نے کسی امریکی سیاستدان یا اعلیٰ حکام کو ونٹر اولمپکس کے لئے مدعو نہیں کیا۔ چین کوامریکی سفارت کاروں یا حکام کے آنے یا نہ آنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا

اولمپکس کے سفارتی بائیکاٹ کو امریکا کا ’نظریاتی تعصب‘ اور ’کھیل میں سیاسی غیر جانبداری‘ کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے چین نے خبردار کیا ہے کہ امریکی سفارتی بائیکاٹ اہم شعبوں میں دو طرفہ مذاکرات اور تعاون کو نقصان پہنچا سکتا ہے

وائٹ ہاؤس کے بیان کے ردعمل میں چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیان نے کہا کہ چین اس سفارتی بائیکاٹ کی مخالفت کرتا ہے اور ’مضبوط جوابی اقدامات‘ کرے گا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لی جیان نے بیجنگ میں نامہ نگاروں سے گفتگو میں کہا کہ جھوٹ اور افواہوں پر مبنی، نظریاتی تعصب کی بنیاد پر بیجنگ سرمائی اولمپکس میں مداخلت کرنے کی امریکی کوشش صرف اس کے مذموم عزائم کو بے نقاب کرے گی

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انہوں نے امریکا پر زور دیا کہ وہ کھیلوں میں سیاست کو لانا بند کرے کیونکہ بائیکاٹ اولمپک اصولوں کے خلاف ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close