سی آئی اے بغیر اجازت امریکیوں کی جاسوسی کر رہی ہے: قانون سازوں کا الزام

ویب ڈیسک

واشنگٹن – دو امریکی سینیٹرز نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ امریکا کی سینٹرل انٹیلیجنس ایجنسی (سی آئی اے) ایک بار پھر بغیر اجازت امریکیوں کی جاسوسی کر رہی ہے

سینیٹر رون وائیڈن اور مارٹن ہینرک کا کہنا ہے کہ ایجنسی نے ایک نئے پروگرام کے ذریعے بغیر کسی وارنٹ کے خفیہ طور پر نگرانی کی ہے

انٹیلیجنس حکام کو لکھے گئے خط میں ان دونوں ڈیموکریٹس نے اس پروگرام کی تفصیلات ظاہر کرنے کا مطالبہ کیا ہے

امریکہ میں حکومتی طور پر ڈیٹا اکٹھا کرنا بہت تنازعات کا شکار رہا ہے۔

واضح رہے کہ سرکاری طور پر سی آئی اے اور نیشنل سکیورٹی ایجنسی (این ایس اے) کو دوسرے ممالک میں جاسوسی کی اجازت ہے، جبکہ سی آئی اے کے 1947ع کے چارٹر کے مطابق امریکا کے اندر جاسوسی ممنوع ہے

لیکن اس سے قبل سنہ 2013ع میں بھی ایڈورڈ سنوڈن امریکی حکومت کی جانب سے فون اور انٹرنیٹ کے ذریعے وسیع پیمانے پر نگرانی کے پروگرام کی معلومات منظر عام پر لائے تھے

سنہ 2013ع میں ایڈورڈ سنوڈن امریکی حکومت کی جانب سے فون اور انٹرنیٹ کے ذریعے وسیع پیمانے پر نگرانی کے پروگرام کی معلومات منظر عام پر لائے تھے

امریکی خفیہ ایجنسی کے اس پروگرام کے ذریعے لوگوں کی ذاتی ویڈیوز، تصاویر اور ای میلز تک نکال لی جاتی ہیں

سنوڈن لیکس کے بارے میں واشنگٹن پوسٹ کے تجزیے سے پتا چلا کہ جن لوگوں کی نگرانی کی جا رہی تھی، ان میں سے تقریباً 90 فیصد عام امریکی شہری تھے، جو ایک ایسے جال میں پھنس گئے جو نیشنل سکیورٹی ایجنسی نے کسی اور کے لیے ڈالا تھا

تب بھی یہ ساری معلومات منظر عام پر آنے سے پہلے تک اعلیٰ امریکی عہدیدار اس سے انکار کرتے آئے تھے، حتیٰ کہ انہوں نے کانگریس کے سامنے حلف اٹھا کر بھی جھوٹ بولا تھا کہ وہ جان بوجھ کر اس طرح کا ڈیٹا اکٹھا کر رہے ہیں

پرزم نامی اس پروگرام کو بعد میں امریکی عدالت نے غیر قانونی قرار دیا تھا

لیکن گذشتہ سال حکومت کے ایک نگران ادارے نے سی آئی اے کی جانب سے ڈیٹا اکٹھا کرنے کی دو کوششوں کا انکشاف کیا، جن کے بارے میں سینیٹرز وائیڈن اور ہینرک نے اب دعویٰ کیا ہے کہ ممکنہ طور پر دوبارہ بغیر وارنٹ کے امریکیوں کی جاسوسی کی جا رہی ہے

سی آئی اے نے جمعرات کو ایک پروگرام کے بارے میں ایسے دستاویزات جاری کیے، جنہیں پہلے خفیہ رکھا گیا تھا لیکن انہوں نے کئی دوسری دستاویزات کو یہ کہتے ہوئے منظرِ عام پر لانے سے انکار کر دیا کہ ایسا کرتے ہوئے وہ ایجنسی کے حساس طریقہ کار اور آپریشنل ذرائع کی حفاظت کر رہے ہیں

لیکن اوریگون سے تعلق رکھنے والے وائیڈن اور نیو میکسیکو کے ہینرک کا کہنا ہے کہ یہ دستاویزات منظرِ عام پر لانے سے انکار کر کے ایجنسی جمہوریت میں شہریوں کو حاصل حقوق کو نقصان پہنچا رہی ہے اور یہ اقدام انٹیلیجنس کمیونٹی کی طویل مدتی ساکھ کے لیے خطرناک ہے

انٹیلیجنس کمیٹی میں موجود سینیٹرز کا کہنا ہے کہ عوام یہ جاننے کا حق رکھتے ہیں کہ ان کی ’کیوں اور کس حد تک نگرانی‘ کی جا رہی ہے؟

امریکن سول لبرٹیز یونین (اے سی ایل یو) کا کہنا ہے کہ ’ان رپورٹس سے اس بارے میں سنجیدہ سوالات جنم لیتے ہیں کہ سی آئی اے ہمارے بارے میں کون کون سی معلومات کو بڑے پیمانے پر اکٹھا کر رہی ہے اور ایجنسی ان معلومات کو امریکیوں کی جاسوسی کے لیے کس کس طرح استعمال کرتی ہے۔‘

دوسری جانب سی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کسی بھی قانونی طریقے سے معلومات جمع کرنے کے دوران، سی آئی اے غیر ارادی طور پر ان امریکیوں کے بارے میں معلومات حاصل کر سکتی ہے جو غیر ملکی شہریوں سے رابطے میں ہیں

ترجمان نے مزید کہا کہ جب سی آئی اے امریکیوں کے بارے میں معلومات اکھٹا کرتی ہے، تو وہ ضابطوں کے مطابق اس معلومات کی حفاظت کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ضابطے ڈیٹا کے محدود استعمال کو یقینی بناتے ہیں.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button
Close
Close