ملیر کا ’کنگ شامو‘ مرغی کا انڈا دس ہزار روپے تک کیوں بیچ رہا ہے؟

ویب ڈیسک

ملک میں کورونا وبا سے ایک طرف جہاں کئی کاروبار متاثر ہوئے، وہیں فینسی مرغیوں کی فارمنگ کے رحجان میں اضافہ ہوا

شہری رنگ برنگی اور خوبصورت مرغیوں سے لاکھوں روپے کما رہے ہیں۔ ان میں پہلوان قسم کے مرغ بھی شامل ہیں جنہیں شامو کہا جاتا ہے۔ اس ایک پرندے کی قیمت ستر ہزار سے ڈھائی لاکھ روپے تک ہے، ان مرغیوں کا چوزہ بیس ہزار روپے جبکہ انڈا دس ہزار روپے تک میں ملتا ہے

کم عمر عسجد خان کا تعلق کراچی کے علاقے ملیر سے ہے، جہاں وہ لگ بھگ گزشتہ تین سالوں سے ’کنگ شامو‘ کے نام سے فینسی مرغیوں کی فارمنگ کا کاروبار چلا رہے ہیں۔ کنگ شامو کے بقول: ”میں ’ملینیئر‘ بن چکا ہوں“

عسجد عرف کنگ شامو کہتے ہیں ”میں نے 2019ع میں فینسی مرغیوں کا بزنس اس لیے شروع کیا کہ کورونا کے دوران کوئی کام نہیں تھا اور اس وقت فینسی پولٹری پاکستان میں نئی نئی آئی تھی“

عسجد کا کہنا ہے ”اب مرغی کی ایک نسل ’اوشامو‘ کا انڈا تین ہزار دو سو کا ہے، جبکہ پیرٹ بیک لانگ ٹیل کا انڈا آٹھ ہزار سے دس ہزار تک کا ملتا ہے۔“

ان کے مطابق ’کنگ سے مراد کلاس ہے، بادشاہوں کی کلاس۔۔ کنگ شامو میں سے کنگ میں ہوں اور شامو کا مطلب ہے مرغیوں کی نسل“

وہ بتاتے ہیں ”میں نے بھی شوق میں یہ سفر شروع کیا۔ تقریباً ایک سال میں نے شوق کے طور پر مرغیوں کو پالا۔ اس کے بعد جب فائدہ دیکھا تو پھر بطور کاروبار چلایا۔ یہ ایک اچھا مشغلہ ہے۔ میں نے آغاز تیس ہزار روپے سے کیا تھا۔ کچھ مرغیاں لیں، کچھ انڈے لیے، وقت کے ساتھ ان کو بڑھایا“

عسجد خان کہتے ہیں ”فینسی پولٹری ایک منفرد چیز ہے، کوئی بندہ دیکھے تو لگاؤ ہو جاتا ہے۔ پولٹری کی فیلڈ ایسی ہے جہاں نئی نئی چیزیں سیکھنے کو ملتی ہیں۔ میں بیس کے قریب مختلف نسلیں رکھ چکا ہوں۔ میں نے تقریباً پینتیس کے قریب دنیا بھر سے بریڈز درآمد کی ہیں۔ کراچی میں کافی انوکھی بریڈز ہمارے پاس تھیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ نئی بریڈز آتی ہیں، اس پر کام کر رہے ہیں“

انہوں نے بتایا ”سوشل میڈیا کا پلیٹ فارم بہت بڑا ہے۔ فیسبک، وٹس ایپ پر شوقین لوگ خود آپ سے رابطہ کرتے ہیں۔ اگر آپ دیکھیں تو یہ بہت بڑی اور وسیع مارکیٹ ہے“

عسجد کے مطابق ”زیادہ سے زیادہ تیس سے چالیس ہزار روپے سے یہ کام شروع کیا جا سکتا ہے اور پچاس ہزار کے اندر اچھا سیٹ اپ بن سکتا ہے“

لیکن ساتھ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس کام میں فائدہ اور نقصان دونوں بھاری ہوتے ہیں ”اگر پروڈکشن اچھی ہے، بریڈ اچھی ہے تو ڈیڑھ لاکھ روپے ماہانہ کما سکتے ہیں۔ میرے پاس ایلیٹ کلاس کی پولٹری بریڈ ہے، پیرٹ بیک لونگ ٹیل اصیل ہے، بھارت سے امپورٹ ہوتا ہے، اس وقت اس کی قیمت چھ سے ساڑھے چھ لاکھ روپے جوڑا ہے“

انہوں نے بتایا ”میرے پاس اس وقت تقریباً پینتیس سے چالیس لاکھ روپے کے پرندے موجود ہیں۔ جب آپ کے پاس انوکھی چیز ہوتی ہے تو لوگ خود رابطے کرتے ہیں۔ تقریباً دو سال اچھی محنت کی ہے۔ میں ان سے پیسہ کما کر انہی پر لگاتا ہوں۔ ساڑھے تین لاکھ روپے لگائے تھے، پھر سال بعد بیس لاکھ کے قریب لگائے“

انہوں نے کہا ”یہ ممکن نہیں ہے کہ آج پانچ ہزار لگائیں تو اگلے ہی ماہ پانچ لاکھ کما لیں۔ میں اگر آج یہاں بیٹھا ہوں تو اس کے پیچھے بہت بڑی محنت ہے۔ اگر کوئی میری طرح یہ کام شروع کرنا چاہتا ہے تو بہت بڑی کوئی سائنس نہیں ہے۔ کوئی انٹرن شپ لینے کی ضرورت نہیں بلکہ چھ ماہ میں سیکھ کر شروع کر سکتے ہیں“

عسجد کے مطابق ”ڈیڑھ سے دو لاکھ روپے تک اوشامو بریڈ میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ شامو ایک لڑنے والی بریڈ ہے، جو جرمنی، ہالینڈ، فرانس اور بیلجیم سے آتی ہے۔ اس کی مارکیٹ کراچی اور پاکستان میں کافی مستحکم ہے۔ اس کا جوڑا آسانی سے ڈیڑھ لاکھ روپے تک مل جائے گا۔ پچاس ہزار روپے ماہانہ اوسطاً کما سکتے ہیں۔ مارکیٹ میں اس کے انڈے بھی فروخت ہوتے ہیں۔ کافی اچھی قیمت ہے۔۔ اوشاموز کا انڈہ تین ہزار دو سو جبکہ پیرٹ بیک لانگ ٹیل کا انڈہ آٹھ ہزار سے دس ہزار تک کا ملتا ہے“

مناواں کے رہائشی چوبیس سالہ نوجوان دانش بھی نے کچھ عرصہ پہلے شوقیہ طور پر چند ہزار روپے میں فینسی مرغیاں خریدی تھیں، اب ان کے پاس چھوٹے سے برڈفارم میں لاکھوں روپے کے شامو نسل کے مرغے، مرغیاں ہیں

دانش کا کہنا ہے ”غیرملکی مرغیوں کی پچاسی اقسام ملک میں مقبول ہو رہی ہیں“

جبکہ فریال اعظم کے مطابق، ان کے پاس دیسی مرغ اور مرغیاں اور فینسی پرندے ہیں۔ اب یہ فینسی مرغے، مرغیاں لیں گے

جاسم ظفر کا کہنا ہے ”میں مزید فینسی مرغ، مرغیاں خریدوں گا۔ یہ بہت منافع بخش فارمنگ ہے۔“

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close