کریم بنزما کا سعودی کلب الاتحاد کے ساتھ معاہدہ، میسی بارے صورتحال غیر واضح

ویب ڈیسک

سعودی عرب الاتحاد کلب نے مشہور فرانسیسی فٹ بالر کریم بنزما سے معاہدہ کر لیا ہے۔ سعودی عرب کے سرکاری ٹی وی چینل الاخباریہ نے خبر دی ہے کہ الاتحاد اور کریم بنزما کے درمیان معاہدہ دو سال کے لیے ہے

کریم بنزما الاتحاد کلب کو ’فری ایجنٹ‘ کے طور پر جوائن کریں گے۔ قبل ازیں فرنسیسی کلب ریال میڈرڈ نے کہا تھا کہ کریم بنزما لالیگا کلب میں چودہ سال رہنے کے بعد اسے چھوڑ دیں گے

الاخباریہ کے مطابق الاتحاد کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کریم بنزما کے ساتھ تاریخی معاہدے کے لیے میڈرڈ میں موجود تھے

خیال رہے پچھلے ہفتے الاتحاد کلب نے کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم النصر کو ہرا کر چودہ سال بعد پہلی مرتبہ سعودی پرو لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا

الاتحاد کلب نے اپنے آخری میچ میں الفیحہ کلب کو تین صفر سے شکست دی تھی۔
وہ اس فائنل میچ کے تیسرے منٹ میں احمد شراہیلی کے گول اور رومرینہو کے دو گول کی بدولت فاتح ٹھہری

دوسری جانب اسٹار ارجنٹینی فٹبالر لیونل میسی کے بارے میں صورتحال ابھی تک غیر واضح ہے۔ کیا رواں سیزن میں 21 گول کرنے اور 20 گول میں مدد کرنے والے لیونل میسی یورپی لیگ میں اپنے سابق کلب بارسلونا کی نمائندگی کریں گے یا پھر حریف کرسٹیانو رونالڈو کی طرح سعودی لیگ کا رخ کریں گے، جو انہیں منہ مانگی رقم دینے کو تیار ہیں، اس کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے

رپورٹس کے مطابق بارسلونا کے منیجر ژاوی ہرنینڈس کلب میں لیونل میسی کی واپسی پر زور دے رہے ہیں لیکن اسٹار فٹبالر کی طرف سے میڈیا کو بتایا گیا ہے کہ انہیں بارسلونا کلب کی طرف سے فی الحال کوئی پیشکش موصول نہیں ہوئی

ژاوی ہرنینڈس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے اس میں کوئی شک نہیں کہ اگر میسی واپس آتا ہے تو وہ فٹبال کی سطح پر ہماری مدد کرے گا اور میں نے صدر کو یہ بتا دیا ہے

غیرملکی میڈیا کے مطابق اسپینش فٹبال لیگ کے صدر زیویئر ٹیباس اپریل میں کہہ چکے ہیں کہ لیونل میسی کی بارسلونا میں واپسی مشکل لگتی ہے

غیرملکی میڈیا کے مطابق بارسلونا اس وقت لالیگا کے مالیاتی منصوبے کی منظوری کا انتظار کر رہا ہے

غیرملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ سال ارجنٹینا کو قطر میں فٹبال ورلڈ کپ جتوانے والے لیونل میسی نے تیرہ سال کی عمر میں بارسلونا کلب سے کھیلنا شروع کیا تھا، جس کے بعد 2021 میں وہ اپنی طویل وابستگی ختم کر کے فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین سے جڑ گئے تھے، لیکن اب یہ معاہدہ ختم ہو چکا ہے

ہفتے کی رات کو پی ایس جی نے سوشل میڈیا پر ورلڈکپ جیتنے والے کپتان کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ اگلے سیزن میں ان کا حصہ نہیں ہوں گے

لیونل میسی نے دو سال فرانسیسی کلب کے ساتھ گزارے، جس کا اختتام ہفتے کو لیگ ون کے آخری میچ کے ساتھ ہوا، جو وہ ہار گئے

اس میچ میں شکست کے باوجود لیونل میسی کی ٹیم نے فرینچ لیگ کا ٹائٹل ریکارڈ گیارہویں بار اپنے نام کیا۔ گزشتہ سیزن بھی لیگ میں فتح سمیٹنے والی ٹیم نے 27 مئی کو اسٹراس برگ کے خلاف اہم میچ ڈرا کرکے یہ کامیابی حاصل کی

اس فتح کے ساتھ ہی پی ایس جی فرانس کی تاریخ کی سب سے کامیاب ٹیم بن گئی ہے لیکن اس کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے والے لیونل میسی اب ان کی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے

پی ایس جی کے صدر ناصر الخلیفی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا ”ان دو برسوں میں سات مرتبہ بیلن ڈور جیتنے والے کھلاڑی کی موجودگی سے کلب کو بہت فائدہ ہوا۔ نہ صرف میسی نے ان کے کلب کو کئی ٹرافیاں جتوانے میں اہم کردار ادا کیا بلکہ ان کی موجودگی سے نئے کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع بھی ملا، جس کے لیے وہ ان کے تہہ دل سے مشکور ہیں

دوسری جانب حالیہ دنوں میں لیونل میسی کو سعودی کلب الہلال کی جانب سے بھی بہت بڑی مالیت کے معاہدے کی پیشکش کی خبریں سامنے آئی تھیں، جبکہ لیونل میسی گزشتہ ماہ اہلِ خانہ کے ہمراہ چھٹیاں منانے سعودی عرب بھی گئے تھے

فٹبال کی معروف نیوز ویب سائٹ اسپورٹ نے رپورٹ کیا ہے کہ توقع ہے لیو میسی اگلے ہفتے اپنے اگلے کلب کا اعلان کریں گے، جو ایک کھلا راز ہے، وہ سعودی عرب میں کھیلنے جا رہا ہے۔ پیٹرو ڈالرز نے نیلامی کو لینڈ سلائیڈ سے جیت لیا ہے۔ یہ وہ فیصلہ ہے جو اس نے ایک ماہ قبل کیا تھا، جب اس نے وزارت سیاحت کے ساتھ تشہیر کے وعدے کو پورا کرنے کے لیے عرض البلد کا سفر کیا تھا

’اسپورٹ‘ کے مطابق سعوی کلب الہلال کی انتظامیہ لیونل میسی کو اپنی ٹیم کا حصہ بنانے کے لیے اس قدر پرامید ہے کہ انہوں نے میسی کو باقاعدہ کلب میں شامل کرنے کے لیے چھ جون کی تاریخ بھی طے کرلی ہے

اسپورٹس نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے ”گزشتہ ایک سال سے لیو گولڈن کنٹریکٹ کے عوض سعودی سیاحت کے لیے سفیر رہے ہیں۔ پیسہ اس وقت بات کرتا ہے جب آپ اپنے کھیل کے کیریئر کے اختتام پر ہوتے ہیں، آپ سوچتے ہیں کہ آپ کیا کما سکتے ہیں تاکہ آپ اور آپ کے خاندان کا مستقبل ہمیشہ کے لیے محفوظ رہے۔ 600 ملین ڈالر، بالکل سادہ، ایک پیشکش ہے جس سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ اس کے علاوہ کوئی راز نہیں ہے۔ تاریخ کا امیر ترین فٹبالر بننے کے لیے دو سال کی قربانی دینا قابل قدر ہے۔“

کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق میسی رونالڈو کے بجائے سابق برازیلین کھلاڑی پیلے کی طرح امریکہ میں ہونے والی میجر لیگ ساگر میں انٹر میامی کا رخ کریں گے، جس کے مالک ایک اور لیجنڈ کھلاڑی ڈیوڈ بیکہم ہیں

لیکن اسپورٹ کی رپورٹ کے مطابق میسی کی خواہش تھی کہ وہ بارسلونا میں اپنا کیرئیر مکمل کریں لیکن حالات سازگار نہیں ہوئے، کلب کی مالی صورتحال نے ایسا ممکن نہیں بنایا۔ بارسلونا ابھی تک لا لیگا سے "فیئر پلے” کی منظوری کا منتظر ہے اور وہ اسے پیشکش کرنے کے قابل بھی نہیں ہے۔ ایک ناممکن خواہش، محض ایک وہم۔ لیو کو اس بات کا علم تھا چاہے اس نے کتنے ہی سائرن گانے سنے ہوں۔ اور نہ ہی اس نے کبھی بھی انٹر میامی کی پیشکش پر سنجیدگی سے غور کیا اس سادہ سی وجہ سے کہ انٹرمیامی نے، اسے عرب میں جو کمائی ہوگی، اس کا دس فیصد پیش کیا۔ اس سارے عرصے میں وہ ایک لفظ کہے بغیر خاموش رہا۔ فرانسیسی لیگ جیتنے اور اب PSG کے لیے اپنا آخری کھیل کھیلنے کے بعد، وہ اب اس پوزیشن میں ہے کہ وہ سعودی عرب میں سب سے زیادہ ٹائٹل رکھنے والے کلب الہلال میں جانے کا اعلان کر سکے“

اسپورٹس کے بلاگر لکھتے ہیں ”2 اپریل کو، دو ماہ سے زیادہ پہلے، ہم نے میسی کے مستقبل پر ایک عکاسی لکھی تھی: "دل کہتا ہے ہاں، سر کہتا ہے نہیں”۔ یہ بہت سے Culés کی خواہش کا اظہار کرنے کا ایک طریقہ تھا، ارجنٹائنی کو بلوگرانا پہنے ہوئے دوبارہ دیکھنا، حالانکہ ہم سب جانتے تھے کہ 36 سال کی عمر میں یہ ایک مختصر مدت کی شرط تھی۔ بیس دن پہلے ہم نے اعلان کیا کہ اس نے اپنے مستقبل کا فیصلہ کر لیا ہے، بسکیٹس اور البا کے ساتھ عرب میں کھیلنا ہے۔ پرانی یادوں کی وجہ سے بہت سے لوگوں نے اس پر شک کیا۔ یہ وہ انجام ہے جسے لیو نے تمام ٹائٹل جیتنے کے بعد چنا ہے۔ وہ میڈیا کے دباؤ یا کھیلوں کے مطالبات کے بغیر کسی تجربے کو ترجیح دیتا ہے۔ وہ ہلچل سے دور زندگی کا انتخاب کرتا ہے جس کی تمام ذاتی خدمات تصور کی جا سکتی ہیں۔ ریاض بارسلونا یا پیرس نہیں بلکہ اسے دنیا کی تمام آسائشیں میسر ہوں گی۔ اس نے ایک وجہ سے بادشاہ کی طرح جینے کا حق حاصل کیا ہے۔“

ادہر خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق میسی کو سعودی عرب کے الہلال فٹ بال کلب کا حصہ بننے کی باضابطہ پیشکش ہوچکی ہے، جسے ابھی انہوں نے قبول نہیں کیا

رپورٹس کے مطابق میسی کو سعودی کلب نے 40 کروڑ یوروز آفر کیے ہیں جو کرسٹیانو رونالڈو کے النصر سے ہونے والے معاہدے سے دو گنے ہیں

خیال رہے کہ الہلال سعودی فٹ بال لیگ کا سب سے کامیاب کلب ہے۔ جس نے 18 مرتبہ ٹرافی اپنے نام کی ہے اور اگر لیونل میسی نے اس کلب میں شمولیت اختیار کرلی تو نہ صرف وہ دنیا کے سب سے امیر ترین فٹ بالر بن جائیں گے بلکہ ان کی موجودگی سے لیگ کا اسٹیٹس بھی بڑھ جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close