پی ایس ایل 6 کا میلہ سجنے کو تیار

ویب ڈیسک

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2021ع کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے، 20 فروری کو افتتاحی میچ اور فائنل 22 مارچ کو کھیلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق لیگ کا افتتاحی میچ 20 فروری کو کھیلا جائے گا، جس میں دفاعی چیمپئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ یہ میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا
اگلے روز یعنی 21 فروری کو ایونٹ میں دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں لیگ کے پانچویں ایڈیشن کی فائنلسٹ لاہور قلندرز اور ایڈیشن 2017ع کی فاتح پشاور زلمی کی ٹیمیں جبکہ دوسرے میچ میں دو مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی
تیس روزہ ٹورنامنٹ کا فائنل 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ 2017ع کے بعد پہلی مرتبہ ہوگا کہ ایونٹ کا فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا
کورونا وائر س کی عالمی وبا کے دوران تمام اسٹیک ہولڈرز کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر 34 میچز پر مشتمل ایونٹ کراچی اور لاہور میں منعقد ہوگا
ایونٹ کا پہلا مرحلہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور دوسرا مرحلہ پی سی بی ہیڈ کوارٹرز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، دونوں شہروں میں برابر میچز کھیلے جائیں گے، یہاں تک کہ تمام ٹیموں میں ڈے اور نائٹ میچز کی تقسیم بھی برابری کی بنیاد پر کی گئی ہے
کراچی میں شیڈول تمام میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور لاہور میں شیڈول تمام میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ دن کے وقت شیڈول میچزدوپہر 2 بجے اور رات کو شیڈول میچزرات 7 بجے شروع ہوں گے۔جمعہ کے روز دو میچز کھیلے جائیں گے، پہلا میچ سہ پہر 3 بجے جبکہ دوسرا رات 8 بجے شروع ہوگا۔
فی الحال تماشائیوں کی آمد سے متعلق  کوئی بھی فیصلہ نہیں کیا گیا، اس حوالے سے حکومتی سفارشات کو سامنے رکھ کر ایونٹ سے چند روز قبل طے کیا جائے گا، کہ تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دی جائے یا نہیں
ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2021 کا اسپورٹ پیریڈ 15 فروری سے شروع ہوگا۔ لیگ میں حصہ لینے والے غیرملکی کھلاڑیوں کے لیے کراچی آمد سے قبل کورونا وائرس کے ایک ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آنا لازمی ہے۔ پاکستان آمد پر ان کے مزید 2 ٹیسٹ کیے جائیں گے، جس کے نتائج منفی آنے کے بعد ہی انہیں ٹریننگ شروع کرنے کی اجازت دی جائے گی
ڈائریکٹر کمرشلز بابرحامد نے کہا ہے کہ خوشی ہے کہ مسلسل دوسرے سال ایونٹ کا مکمل انعقاد پاکستان میں ہونے جا رہا ہے، مگر افسوس ہے کہ کورونا وائرس کی صورتحال کے باعث ہمیں اس مرتبہ ایونٹ کے تمام میچز صرف 2 شہروں تک ہی محدود کرنے پڑ رہے ہیں اور ابھی تماشائیوں کی آمد کے حوالے سے بھی صورتحال واضح نہیں ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close