خضدار:  بس گہری کھائی میں گرنے سے  20 جاں بحق، 46 زخمی

نیوز ڈیسک

بلوچستان کے ضلع خضدار میں زائرین کی بس الٹنے سے بیس افراد جاں بحق جبکہ 46 زخمی ہوگئے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے

بس بھلونک کے مقام پر موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گئی اور کھائی میں جا گری جس کے باعث زیادہ تر ہلاکتیں بس کی چھت پر سوار افراد کی ہوئیں

بس میں سوار افراد سندھ کے ضلع دادو سے تعلق رکھتے تھے جو وڈھ کاکا ہیر میں عرس و دستار بندی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس اپنے علاقے کو جارہے تھے

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لیویز اور ایدھی کے رضاکاروں نے نعشوں اور زخمیوں کو گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال خضدار پہنچایا

ڈپٹی کمشنر خضدار میجر (ر) بشیر احمد بڑیچ کے مطابق حادثہ جمعہ کی صبح پیش آیا جس میں 15 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ 3 شدید زخمی ہسپتال میں طبی امداد کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ بعدازاں ملنے والی اطلاعات کے مطابق جاں بحق افراد کی تعداد بیس ہو گئی

جاں بحق افراد میں میں دو سگے بھائی اور ایک ہی خاندان کے چار افراد بھی شامل ہیں

بعدازاں ضلعی انتظامیہ نے نعشوں کو ضروری کارروائی کے بعد لیویز، ایدھی ایمبولینسز اور دیگر ذرائع سے ان کے آبائی علاقے دادو روانہ کر دیں

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر خضدار میجر (ر) بشیر احمد بڑیچ اور ضلعی منتظم صحت تحصیلدار خضدار شہزاد زہری ہسپتال پہنچے اور مریضوں کو طبی امداد کی فراہمی کی نگرانی کی

علاوہ ازیں مقامی سماجی رہنماؤں نے شدید زخمیوں کے لیے خون کے عطیات و ادویات کا اہتمام کرنے میں معاونت کی۔

حادثے میں شدید زخمی ہونے والے افراد کو گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد سی ایم ایچ خضدار منتقل کردیا گیا

جاں بحق ہونے والوں میں محمد آصف، مہر دل، نظام الدین، اسد علی، حافظ محمد ہاشم علی، مراد عاطف علی، نثار احمد، جاوید علی، زین العابدین، عاشق علی، سجاد علی، سہیل احمد، منیر احمد ،احسان علی، امان اللہ، عبدالحفیظ شامل ہیں جبکہ ایک جاں بحق شخص کی شناخت نہیں ہو سکی.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close