لاڑکانہ کے شاہنواز ڈھانی، مزدوری اور کھیتی باڑی سے عالمی کرکٹ تک

نیوز ڈیسک

مزدوری اور کھیتی باڑی کرنے سے عالمی کرکٹ  تک کا سفر طے کرنے والے شاہنواز ڈھانی پی ایس ایل میں نام کمانے لگے، ملتان سلطانز کے پیسر کا کہنا ہے کہ والد پڑھائی پر توجہ دینے کی تاکید کرتے مگر میں اپنی لگن سے کرکٹ میں آگے بڑھتا گیا

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کے پروگرام ’’کرکٹ کارنر ود سلیم خالق‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہنواز ڈھانی نے کہا کہ پاکستان کے لیے کھیلنے والے کرکٹرز ملک کی شان ہیں، میری کامیابیوں پر اندرون سندھ کے رہنے والوں کو بھی فخر ہوتا ہے، شکر ہے کہ کم وقت میں ہی اس مقام تک پہنچ گیا

شاہنواز ڈھانی کا کہنا تھا کہ میرا گاؤں لاڑکانہ سے پچیس منٹ کی مسافت پر ہے جہاں چاول، گندم اور امرود کی پیداوار ہوتی ہے، میں کھیتی باڑی کرتا تھا، والد پڑھائی پر توجہ دینے کی تاکید کرتے مگر اپنی لگن سے آگے بڑھتا گیا اور اس مقام تک پہنچنے میں کامیاب ہوا، میری وجہ سے اندرون سندھ کے والدین بھی اپنے بچوں کوکرکٹ میں سپورٹ کر رہے ہیں، اب ان کو بھی امید ہے کہ محنت کریں گے تو آگے بڑھنے کا موقع ملے گا

پی ایس ایل6 کے ٹاپ بولرز میں مقام بنانے والے شاہنواز ڈھانی نے کہا کہ لیگ میں انٹرنیشنل اسٹارز شرکت کرتے ہیں، تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ اور خلاف کھیل کر سیکھنے کا موقع ملتا ہے، ان کی خوبیاں اور خامیاں جانتے ہوئے بولنگ میں بہتری لانے کا ہنر حاصل ہوتا ہے، جن اسٹار کرکٹرز کو آئیڈیل سمجھتا تھا، ان کے ساتھ کھیلنے پر فخر محسوس کرتا ہوں

انہوں نے کہا کہ پشاور زلمی کے خلاف میچ میں یادگار بولنگ اپنی صلاحیتوں پر اعتماد کا نتیجہ تھی، اوس کی وجہ سے گیند ہاتھ میں نہیں آرہی تھی، پہلا اوور اچھا نہیں کر سکا، پھر اپنی صلاحیتوں پر اعتماد کرتے ہوئے ارادہ کیا کہ اچھی بولنگ سے پہلے اوور کی کارکردگی کے اثرات کو زائل کرنا ہے، اسی لیے ٹاپ آرڈر کے چار بیٹسمینوں کو آؤٹ کر کے میچ کا پانسہ پلٹنے میں کامیاب ہوگیا

شاہنواز ڈھانی نے کہا کہ ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان میدان کے اندر اور باہر پْرسکون رہتے اور سب کو اعتماد دیتے ہیں، اسی حوصلہ افزائی کی بدولت کارکردگی دکھانے میں مدد ملتی ہے

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کی الگ ہی شان ہے، میں دورہ زمبابوے کے بعد ویسٹ انڈیز کے لیے قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں منتخب ہوا ہوں، اپنی سو فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا، بولنگ کوچ وقار یونس کھیل میں بہتری لانے کے لیے مفید مشورے دیتے ہیں. شاہنواز ڈھانی جوفرا آرچر کو اپنا آئیڈیل بولر قرار دیتے ہیں

جشن منانے کے منفرد اسٹائل کے حوالے سے شاہنواز ڈھانی نے کہا ہے کہ وکٹ لینے پر جشن منانے کے اس منفرد انداز سے خوشی ملتی ہے، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ایک اچھی تفریح ہے، کورونا وائرس کی وجہ سے اسٹیڈیم میں کراؤڈ نہیں ہوتا، اس لیے خود ہی اپنی تفریح کا اہتمام کرنا پڑتا ہے، اسٹار کرکٹرز کے ساتھ مل کر جشن منانے سے میرا اپنا حوصلہ بھی بڑھتا ہے

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں میچ کے دوران کارلوس بریتھ ویٹ کے ساتھ کھیلا تو جشن منانے کا یہ انداز اپنایا، دنیا بھر کے شائقین نے ہی نہیں بلکہ اسٹار کرکٹرز نے بھی اسے پسند کیا، اسی لیے خود بھی اس سے لطف اندوز ہوتا ہوں.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button
Close
Close