نازی تنظیم بنا کر دنیا فتح کرنے کا منصوبہ بنانے والا جرمن فوجی گرفتار

ویب ڈیسک

برلن – جرمن دفتر استغاثہ نے ایک سابقہ فوجی پر مبینہ دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے کی فردِ جرم عائد کر دی ہے

ریاستی دفترِ استغاثہ کا کہنا ہے کہ یہ فوجی ایک عسکری تنظیم قائم کر کے دنیا فتح کرنا چاہتا تھا

بائیس سالہ سابق جرمن فوجی کو جرمن ریاست ہیسے کے بڑے شہر فرینکفرٹ کے نزدیک واقع ایک ضلع ہوخٹاؤنُس سے گرفتار کیا گیا تھا

جرمن فوج میں اس کا عہدہ لانس کارپورل تھا اور اس کی آخری تعیناتی پفولنڈورف نامی مقام پر تھی۔ اس سابقہ فوجی کو فروری سن 2021 میں گرفتار کیا گیا تھا

دفتر استغاثہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ سابقہ فوجی ایک عسکریت پسند تنظیم قائم کرنے کا خواہشمند تھا اور وہ نازی ازم سے متاثر تھا۔ اس کا منصوبہ فوجی خطوط پر ایک جدید مسلح گروپ بنانے کا بھی تھا

ریاستی استغاثہ کے مطابق وہ اس تنظیم میں دوسرے افراد کو بھی شامل کر کے پہلے جرمنی پر قبضہ کرنا چاہتا تھا۔ وہ اپنے ملک پر قبضے کے بعد ساری دنیا کو فتح کرنے کی پلاننگ بھی کیے ہوئے تھا

اس سابقہ فوجی نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ وہ اپنے ملک سے غیر ملکی مہاجرین اور تارکین وطن کو بھی نکالنا چاہتا تھا

تفتیش کاروں کے مطابق مشتبہ مرکزی ملزم نے اپنے منصوبے کے حوالے سے اپنا منشور فروری سن 2016ع میں لکھنا شروع کر دیا تھا، جب اس نے ابھی جوانی کی دہلیز پر قدم رکھا تھا اور وہ ایک ٹین ایجر تھا

اس سابقہ جرمن فوجی کی گرفتاری کے وقت سکیورٹی حکام اور پولیس نے اسلحے کا ایک بڑا ذخیرہ بھی اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔ اس ذخیرے میں مختلف اقسام کی شارٹ اور لانگ رینج بندوقیں شامل تھیں

اس نے گرینیڈ رکھنے کے لائسنس کی درخواست بھی دے رکھی تھی۔ قبضے میں لیے جانے والے اسلحے کا لائسنس بھی اس سابقہ فوجی کے پاس نہیں تھا

ہتھیار اور اسلحہ اس نے اپنے اور والد کے ایک مشترکہ گھر کے تین گیراجوں میں بڑی احتیاط کے ساتھ چھپا رکھا تھا۔ اس مرکزی ملزم کے اکیس سالہ بھائی اور چونسٹھ سالہ والد کو بھی اس کے ساتھ ہی گرفتار کیا گیا تھا

تفتیشی عمل اس وقت شروع کیا گیا، جب ایک خاتون نے پولیس کو بعض اہم معلومات فراہم کی تھیں۔ یہ خاتون مشتبہ مرکزی ملزم کے ساتھ دوستانہ تعلقات رکھتی تھیں اور ایک جھگڑے کے بعد ان کے درمیان علیحدگی ہو گئی تھی۔ اس جھگڑے میں خاتون کو جسمانی تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close