بلاول کے وزیر خارجہ بننے کے معاملے پر پیپلز پارٹی تقسیم

ویب ڈیسک

متعدد پارٹی رہنماؤں سے پس منظر میں کیے گئے انٹریوز سے کچھ میڈیا حلقوں میں پھیلی ان اطلاعات کی تصدیق ہوتی ہے کہ چیئرمین پی پی پی وزیر خارجہ بن سکتے ہیں تاہم اس معاملے پر مشاورت جاری ہے۔

تاہم دوسرے کیمپ کے اراکین کا خیال ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی کو شہباز شریف کی زیر قیادت وفاقی کابینہ کا حصہ نہیں بننا چاہیے کیوں کہ اس سے اتحادی حکومت میں دوسری بڑی جماعت کے سربراہ کی حیثیت مجروح ہوگی

اس کیمپ کا خیال ہے کہ شاید پیپلزپارٹی کے ورکرز اپنے چیئرمین کو مسلم لیگ (ن) کے وزیر اعظم کے ماتحت کام کرتا دیکھ کر ناپسند کریں جو سیاست میں پی پی پی کی سب سے بڑی حریف ہے۔

بلاول بھٹو کے ایک قریبی اور سینیئر پارٹی رہنما نے کہا کہ ’میں نے اپنے چیئرمین کو ملک کا وزیر خارجہ بننے کا مشورہ دیا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی 64 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے اور وہ نوجوانوں کے نمائندہ ہیں، بلاول کی ان کی والدہ بینظیر بھٹو کی وجہ سے دنیا میں اچھی ساکھ ہے جو انہیں عالمی رہنماؤں کے ساتھ بین الاقوامی امور پر بات چیت میں مدد دے گی

پارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ اس سے ان لوگوں میں ان کی مقبولیت بڑھے گی جنہوں نے سابق وزرائے اعظم ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کو نہیں دیکھا اور اس سے پیپلزپارٹی کو مستقبل میں فائدہ ہوگا

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کا بطور وزیر خارجہ تجربہ وزیراعظم کے امیدوار کے طور پر ان کا کیس مضبوط کرے گا، تاہم اس معاملے پر کوئی باضابطہ بات چیت نہیں ہورہی اور ایک سے دو روز میں فیصلہ کرلیا جائے گا۔

اسی طرح پیپلز پارٹی کے دوسرے کیمپ کے سینیئر رہنما کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کو کابینہ کا کوئی پورٹ فولیو نہیں لینا چاہیے کیوں کہ وہ پارٹی کے معاملات پر توجہ نہیں دے سکیں گے جس کا پیپلز پارٹی کو آئندہ عام انتخابات میں نقصان ہوسکتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سبکدوش ہونے والے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی قومی اسمبلی میں کی گئی اپنی تقریر میں پیپلز پارٹی کے نوجوان چیئرمین کوشہباز شریف کے ماتحت وزیر خارجہ نہ بننے کا مشورہ دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے نواسے اور بینظیر بھٹو کے بیٹے کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ شہباز شریف کے ماتحت وزارت خارجہ قبول کریں کیوں کہ پی پی پی ورکرز اسے تسلیم نہیں کریں گے

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close