"سول ڈرون اتھارٹی” کا قیام، وزیراعظم نے منظوری دے دی

نیوز ڈیسک

وزیر اعظم عمران خان نے سول ڈرون اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی ہے

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں سول ڈرون اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی گئی ہے، اتھارٹی کے سربراہ سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن ہوں گے، جب کہ دیگر ممبران میں ائیرفورس، سول ایوی ایشن، دفاعی پیداوار، داخلہ اور وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سینئر لیول افسران شامل ہوں گے۔ تمام وفاقی اکائیوں بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سے بھی ایک ایک نمائندہ شامل ہوگا، اس کے علاوہ شعبے کے تین ماہرین بھی اتھارٹی کا حصہ ہوں گے

سول ڈرون اتھارٹی کے قیام کا مقصد ملک میں ڈرون ٹیکنالوجی کا فروغ، ڈولپمنٹ اور اس اہم شعبے کو ریگولیٹ کرنا ہے

اس کے علاوہ سول ڈرون اتھارٹی کے پاس ڈرون ٹیکنالوجی کو ریگولیٹ کرنے، لائسنسوں کا اجراء، امپورٹ اور ملک میں پیداوار کی اجازت دینے کے اختیارات ہوں گے

جبکہ اتھارٹی  ڈرونز کی مینوفیکچرنگ، آپریشنز، ٹریننگ اور ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے حوالے سے ذمہ داریاں بھی سر انجام دے گی، اور اتھارٹی کو جرمانے اور سزا، لائسنسوں کی تنسیخ اور قانونی چارہ جوئی کے اختیار بھی حاصل ہوں گے

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ڈرون ٹیکنالوجی کو کمرشل، ریسرچ اینڈ ڈولپمنٹ، ایگرکلچر و دیگر پرامن مقاصد کے لئے بروئے کار لانا وقت کی اہم ضرورت ہے، اتھارٹی کے قیام سے نہ صرف اس حوالے سے موجود خلا کو پر کیا جا سکے گا جو ڈرون کے حوالے سے کوئی  قانون نہ ہونے کی وجہ سے موجود ہے، بلکہ یہ اتھارٹی ڈرون ٹیکنالوجی کے فروغ اور اس کی ملک میں پیداوار میں بھی اہم کردار ادا  کرے گی

وزیرِ  اعظم نے کہا کہ ڈرون ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے وسائل کا موثر استعمال اور سروس ڈیلیوری میں بہتری میں مدد ملے گی، اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے قانون سازی کے عمل کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور کابینہ کی منظوری کے بعد بل کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close